Prevention of Copy Paste


  • تازہ اشاعتیں

    منگل، 3 اکتوبر، 2017

    خلانوردوں کو کس طرح سے بے وزنی یا خرد ثقل ماحول کے لئے تربیت دی جاتی ہے؟

    زمین پر خلانوردوں کو تربیت دینے کے لئے بغیر ثقل ماحول کیسے بنایا جاتا ہے؟ کیا فری فال کے تصور کا استعمال کرکے ثقل کو صفر کیا جاتا ہے یا کوئی دوسرا طریقہ استعمال کیا جاتا ہے؟


    جواب:کمار ہرشیت

    سب سے پہلے تو یہ بات سمجھ لیں کہ "ثقل کے بغیر" والا کوئی علاقہ نہیں ہے، خلانورد مدار میں اس لئے بے وزنی کی کیفیت محسوس کرتے ہیں کیونکہ مدارگرد یا آربٹر فری فال اجسام کی طرح ہوتے ہیں۔ لہٰذا سوال یہ ہونا چاہئے کہ "خلانوردوں کو کس طرح سے بے وزنی یا خرد ثقل ماحول کے لئے تربیت دی جاتی ہے؟"
    بے وزنی کے ماحول سے مطابقت کے لئے خلانوردوں کو تربیت دینے کے دو مقبول طریقہ ہیں:

    1۔) تعدیلی اچھال - Neutral Buoyancy
    کوئی بھی جسم کسی بھی مائع میں اس وقت ڈوب جائے گا اگر وہ اس سے کثیف ہوگا۔ لیکن کچھ صورتوں میں مائع اور جسم دونوں کی کثافت ایک جیسی ہوتی ہے، نہ تو جسم ڈوبتا ہے اور نہ تیرتا ہے۔ اس صورتحال کو تعدیلی اچھال کہا جاتا ہے۔

    پانی نسبتاً کافی کثیف مائع ہے اور یہ بڑی مقدار میں دستیاب بھی ہے، لہٰذا ہم خرد ثقل کو پول میں بنا سکتے ہیں اس کے لئے ہمیں خلانورد کو ایک لباس پہنانا ہوگا اور اس لباس کا وزن اس قدر کرنا ہوگا کہ نہ تو وہ تیرے اور نہ ہی وہ ڈوبے۔ اس سے تعدیلی اچھال بن جاتا ہے۔ ایک مرتبہ جب یہ صورتحال حاصل ہوجاتی ہے تب تمام اجسام ایسے حرکت کرسکتے ہیں جیسے کہ وہ خرد ثقلی میدان میں کرتے ہیں۔ آئی ایس ایس کی خلائی چہل قدمی کی تربیت کے لئے خلانوردوں کے لئے بنایا گیا پول 202 فٹ طویل، 101 فٹ چوڑا اور 40 فٹ گہرا ہے۔ وہ آلات جن کی کثافت زیادہ ہوتی ہے ان کو  ہلکے پولیسٹر پلاسٹک سے ڈھکا جاتا ہے۔

    تاہم یہ بعینہ خرد ثقل جیسا نہیں ہوتا، کیونکہ پانی کی لزوجیت یا چپچپاہٹ کی وجہ سے حرکت کرنا مشکل ہوتا ہے، تاہم ساکن کھڑا ہونا آسان ہوتا ہے۔

    2) تمثیلی اڑان - Parabolic Flight

    عمودی چکر والے جھولے میں ہم بے وزنی کی تھوڑی سی کیفیت اس وقت محسوس کرتے ہیں جب ہم نیچے جاتے ہیں۔ تمثیلی اڑان بھی اسی اصول کے تحت کام کرتی ہیں۔
    پہلے ہوائی جہاز سیدھے زاویہ اور تیز رفتار سے اوپر جاتا ہے پھر سیدھا ہو کر  مہارت سے نیچے کی طرف اپنی ہوجاتا ہے۔ بے وزنی کی کیفیت اس وقت شروع ہوجاتی ہے جب جہاز نیچے آتا ہے اور اس وقت تک رہتی ہے جب تک وہ واپس اوپر جانا شروع نہیں ہوتا۔ 65 سیکنڈ کے اس کھیل میں خلانوردوں کو صرف 25 سیکنڈ تک بے وزنی کی کیفیت محسوس ہوتی ہے۔ اس طرح کی تربیت میں جہاز زیادہ سے زیادہ 60 اس طرح کی اڑانیں بھرتا ہے۔
    یہ مہنگا طریقہ ہے اور جلد ہی ختم ہوجاتا ہے، تاہم یہ آلات کی جانچ کے لئے مفید ہے۔


    • بلاگر میں تبصرے
    • فیس بک پر تبصرے

    0 comments:

    Item Reviewed: خلانوردوں کو کس طرح سے بے وزنی یا خرد ثقل ماحول کے لئے تربیت دی جاتی ہے؟ Rating: 5 Reviewed By: Zuhair Abbas
    Scroll to Top