Prevention of Copy Paste


  • تازہ اشاعتیں

    جمعہ، 31 مارچ، 2017

    جبذ - ایڈزوپشن

    Adsorption

    (ایڈزوپشن)

    عام طور پر ہم دیکھتے ہیں کہ اسفنج یا تولیہ یا جاذب کاغذ، زمین کی کشش ثقل کے خلاف کچھ پانی اپنی طرف کھینچ لیتے ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ اس سارے عمل کا راز شعری قوت ( Force of Capillarity) میں پنہاں ہے۔

    تاہم شعری قوت کی دریافت سے پہلے تک یہ خیال کیا جاتا تھا کہ اسفنج وغیرہ پانی کو محض چوس لیتے ہیں (اس زمانے میں چوسنے کا یہ عمل کسی سیال کے کشش کے خلاف اوپر اٹھنے کے ایک معروف انداز کے طور پر جانا جاتا تھا)۔ چنانچہ اس عمل کو absorption (جذب) کا نام دیا گیا۔ یہ لاطینی زبان کے سابقے"-ab"(سے) اور "sorbere"(اوپر کو چوسنا) کا مجموعہ ہے۔ اور حقیقت بھی یہی ہے کہ جب کسی اسفنج کو پانی سے بھرے ہوئے کسی برتن میں رکھیں تو یہ برتن" سے پانی کو اوپرکو چوس لیتا ہے"۔

    اتفاق سے کیمیا دانوں نے بھی اسی طرح کا ایک عمل دریافت کر لیا جس میں نہایت باریک سفوف دار مادے شامل ہوتے تھے۔ مثال کے طور پر اگر گیسوں کے کسی آمیزے کو کسی نلی میں سے گزارا جائے جس میں کوئلے کے باریک سفوف کی ایک تہہ بچھائی گئی ہو تو اس آمیزے میں سے گیس کے کچھ مالیکیول کوئلے کے ذرات کی سطح سے مضبوطی سے چپک جاتے ہیں اور پھر یہاں پھنس کے رہ جاتے ہیں۔ دیکھنے میں آیا ہے کہ بڑے مالیکول زیادہ مضبوطی کے ساتھ چپکتے ہیں جبکہ نسبتاً چھوٹے قسم کے مالیکول ایک طرف کو دھکا دے کر اس کوئلے کے ذرات سے بالکل چپکے بغیر گذر جاتے ہیں۔

    فضا میں موجود آکسیجن اور نائٹروجن کے مالیکیولوں کی نسبت زہریلی گیس کے بخارات عام طور پر بڑے مالیکیولوں پر مشتمل ہوتے ہیں۔ چنانچہ جس ہوا میں زہریلی گیس شامل ہو، اسے اگر کسی ایسے ڈبے میں سے گزارا جائے جس میں کوئلے کا سفوف موجود ہو تو اس کا زہریلا پن جاتا رہتا ہے۔ کیونکہ زہریلی گیس کے مالیکیول، کوئلے کے ذرات سے منسلک رہتے ہیں جبکہ صاف ستھری سانس لینے کے قابل ہوا، اس میں سے گزر جائے گی۔ گیس ماسک میں کوئلے کے سفوف کا ایسا ہی ایک چھوٹا سا ڈبہ ایک ہوا بند ماسک میں لگا ہوا ہوتا ہے۔

    کوئلے کا سفوف ہوا میں سے زہریلی گیس کو اسی طرح ”چوس کر باہر نکال لیتا ہے" جس طرح اسفنج پانی کو "چوس لیتا ہے"۔ البتہ وجہ دونوں کی مختلف ہوتی ہے۔ کوئلے کے عمل میں شعری عمل کی قوت کا کوئی دخل نہیں ہوتا بلکہ کوئلے کے ننھے ننھے ذرات کی بے شمار سطحوں پر گیس کے مالیکیول چپک جاتے (Adhere) ہیں. اس طرح سے اگر "adhere" میں سے "-ad" (کی جانب) کا سابقہ adsorption (جذب) میں "-ad" کی جگہ پر لگا دیا جائے تو یہ adsorption (جبذ) کی اصطلاح بن جاتی ہے۔

    تاہم جبذ (Adsorption) کا عمل شعریت کے عمل میں بھی ایک کردار ادا کرتا ہے اور بعض اوقات یہ بتانا مشکل ہوتا ہے کہ کسی عمل کو صحیح طور پرadsorption کہا جائے یا absorption -

    چنانچہ کچھ سائنسدانوں نے ان دونوں قسم کے عمل کا احاطہ کرنے کے لئے sorption (جبذ وجذب) کی اصطلاح دی ہے۔
    • بلاگر میں تبصرے
    • فیس بک پر تبصرے

    0 comments:

    Item Reviewed: جبذ - ایڈزوپشن Rating: 5 Reviewed By: Zuhair Abbas
    Scroll to Top