Prevention of Copy Paste


  • تازہ اشاعتیں

    پیر، 17 جولائی، 2017

    اریکنیڈا - Arachnida

    اریکنیڈا

    ایک يونانی کہانی کے مطابق ایک رنگ ریز کی بیٹی نے، جس کا نام اریکنی (Arachne) تھا، علوم وفنون کی دیوی ایتھینا سے کشیدہ کاری سیکھی۔ یہ دوشیزہ نہ صرف خوبصورت تھی بلکہ نہایت جرات مند بھی تھی ۔ چناچہ جب اس نے اپنے کام میں مہارت حاصل کر لی تو اپنے معزز استاد کو مقا بلے کی دعوت دے ڈالی۔ تب منصفین کی تقرری ہوئی اور ان دونوں کا مقابلہ طے پاگیا۔ اریکنی اپنی نازک انگلیوں کی نفاست کو بروئے کارلائی اور کشیدہ کاری کا ایک ایسا گراں قدر شاہکار تیار کیا کہ جس سے دیوتاؤں کی محبت جھلکتی تھی۔

    اسی اثنا میں دیوی ایتھینا نے، جس نے پینڈورا کی بیٹیوں کو بھی نقش ونگاروالے پردے بنانے سکھائے تھے، اپنے کام کے لیے ایک ایسا موضوع چنا جس میں جاہ و جلال والے دیوتاؤں کے ایک گروہ کو دکھایا گیا تھا۔ اس کے باوجود منصفین نے اریکنی کے کام کی تعریف کی اور اس کے حق میں فیصلہ دے دیا کیونکہ اس کا کا مکمل طور پرفن مصّوری کا ایک نادر نمونہ تھا اور پھر اس کے رنگ بھی نہایت دلکش تھے۔ اس پر ایتھینا اتنی غضب ناک ہوئی کہ اس نے نہ صرف اپنی رقیب کی کشیدہ کاری کے نمونے کے ٹکڑے ٹکڑے کرڈالے بلکہ وہ فریم بھی، جس پر اریکنی نے یہ نمونہ بنایا تھا، اسے دے مارا۔

    اپنی اس نے عزتی سے اریکنی کو بہت دکھ ہوا اور اس نے خود کو ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ اس نے اپنی گردن میں پھانسی کا پھندا ڈالا۔ لیکن عین اس موقع پر جب وہ کودنے ہی والی تھی، ایتھینا نے اس لڑکی کو مکڑی میں بدل ڈالا اور اس رسے کو جس سے وہ پھانسی لے رہی تھی مکڑی کا جالا بنا دیا۔ اسی حوالے سے ماہرینِ حیاتیات نے حشرات کے اس گروہ کوجس میں مکڑیاں، بچھو، جوئیں اورچیونٹیاں وغیرہ شامل ہیں، Arachnida (عنکبات یعنی مکڑیاں) کا نام دیا گیا۔

    دراصل یہ مفصل پایاں حشرات کا وہ گروہ ہے جس کے تمام افراد میں ٹانگوں کے چار جوڑے ہوتے ہیں نیز یہ بے پر اور حلقہ دار ہوتے ہیں اور ان کےجسم پر حاسے ہی نہیں ہوتے۔ اس گروہ کے جانوروں کے مطالعہ کو arachnology( علم عنکبات) کا نام دیا گیا۔

    اریکنی اور مکڑی کے حوالے سے ایک اور اصطلاح arachnoid عنکبوتی نکلی ہے علم تشریح الاعضا (Anatomy) میں اس سے مراد ایک اسفنج نما نیم شفاف پتلی سی جھلی ہے جو مغز اور حرام مغز پر لپٹی ہوتی ہے اس سے اوپر والی جھلی Pia meter کہلاتی ہے جبکہ اس سے نیچے والی کو dura meter کہا جاتا ہے ۔ غشائے عنکبوتی اور ان دونوں جھلیوں کے درمیان کچھ خالی جگہ ہوتی ہے۔ اس جھلی کا یہ نام غالبا مکڑی کے جالے سے اس کی مشابہت کی بنا پر رکھا گیا ہے کیونکہ arachnold کے - لغویاتی’’جالانما‘‘ ہے۔

    طب میں بھی اس سے ماخوذ ایک اصطلاح arachnodactyly ہے۔ یہ ایک ایسی حالت ہے جس میں ہاتھ کی انگلیاں اوربعض اوقات پاؤں کی انگلیاں غیرمعمولی حد تک لمبی اور باریک ہو جاتی ہیں اور پھر مکڑی کی ٹانگوں کی طرح مڑ جاتی ہیں۔ یہ لفظ دوحصوں پر مشتمل ہے۔ پہلا حصہ arachno ہے جو یونانی کے arachne (مکڑی) سے ماخوذ ہے اور دسرا dactyly ہے جو یونانی زبان کے dactylos (انگلی) سے ماخوذ ہے۔مطلب یہ ہوا کہ ایسی بیماری جس میں انگلیاں اور انگلیوں کے جوڑ مکڑیوں کی ٹانگوں جیسے ہو جاتے ہیں۔

    اس طرح سے ایک رنگ ریز کی بیٹی Arachne اپنی قربانی کی ایک لازوال مثال قائم کر کے نہ صرف یونانی دیومالا میں ہمیشہ کے لیے امر ہو گئی بلکہ سائنس کی اصطلاحات میں بھی اس نے ایسے انمٹ نقوش چھوڑے ہیں جو کبھی ختم نہیں کیے جا سکتے۔
    • بلاگر میں تبصرے
    • فیس بک پر تبصرے

    0 comments:

    Item Reviewed: اریکنیڈا - Arachnida Rating: 5 Reviewed By: Zuhair Abbas
    Scroll to Top