Prevention of Copy Paste


  • تازہ اشاعتیں

    جمعرات، 17 مارچ، 2016

    یوروپا (مشتری کا چاند) - چھوٹی دنیا کا سمندر




    "میں جانتا ہوں، مجھے معلوم ہے۔ ہم سب کو آرتھر سی کلارک نے مشورہ دیا تھا کہ یوروپا پر اترنے کی کوشش مت کرنا۔ تاہم اگر آپ یوروپا پر اتریں تو کیا آپ یہ بات جاننا نہیں چاہیں گے کہ جانا کہاں ہے؟ اگر آپ ایسا کرنا چاہتے ہیں تو میرے ایک سند یافتہ طالبعلم پیٹرک فسچر کا ایک مقالہ آ رہا ہے امید ہے کہ اس کو آپ ضرور پڑھنا چاہیں گے۔" کالٹک سے تعلق رکھنے والے، رچرڈ اینڈ باربرا روزنبرگ کے سیاروی فلکیات کے پروفیسر اور mikebrownsplanets.com بلاگ کے مصنف مائک براؤن لکھتے ہیں۔

    براؤن اپنی ایرس کی دریافت کی وجہ سے زیادہ بہتر طور پر جانے جاتے ہیں، 150 برسوں میں دریافت ہونے والا نظام شمسی میں سب سے زیادہ ضخیم جسم، اور وہ جسم جس نے وہ بحث شروع کی جس کی وجہ سے بالآخر پلوٹو کی تنزلی بطور اصل سیارے سے بونے سیارے تک کی ہوئی۔ براؤن اور ان کے کام کے نمایاں مضامین نیو یارکر، نیویارک ٹائمز، اور ڈسکوری میں چھپ چکے ہیں، اور ان کی دریافتیں دنیا بھر کے اخبارات میں صفحہ اوّل پر جگہ بنا چکی ہیں۔ 2006ء میں ٹائم میگزین نے انھیں دنیا کی سب سے زیادہ 100 اثر دار شخصیتوں میں نامزد کیا تھا۔

    یہاں نیچے ان کی یوروپا کے بارے میں باقی کی مسحور کن پوسٹ موجود ہے: 

    شاید سب سے پہلے تو اس بات کو سمجھنا ہوگا کہ کوئی بھی آخر یوروپا پر کیوں اترنا چاہئے گا۔ یوروپا - مشتری کے چار بڑے سیارچوں میں سے دوسرا بڑا سیارچہ – واضح طور پر ایک خاص جگہ ہے۔ جب دو دہائیوں پہلے گلیلیو خلائی جہاز وہاں گیا ہے، تب سے ہم نے جان لیا ہے کہ یوروپا کی تازہ برفیلی سطح جو شگافوں اور ناہموار ڈھلانوں اور بدلتی ریخوں سے ڈھکی ہوئی ہے وہ وسیع اندرونی نمکین سمندر کی موجودگی کا بیرونی اشارہ ہے۔ اگر آپ اپنی دھن میں یوروپا کی سطح کے کسی شگاف پر اتر گئے ( دلچسپی کی بات یہ ہے کہ امکان ہے کہ مستقبل میں کوئی اس طرح کی مہم جوئی کر سکتا ہے؛ اگرچہ غالب گمان ہے کہ وہ اس طرح کی مہم جوئی کرتے ہوئے پھنس کر پس کر مر سکتا ہے ؛ یہ بات بتانا کوئی مشکل نہیں ہے) تو پھر آپ کو کسی طرح سے تیر کر چٹانی فرش تک جانا ہوگا جو برف کی سطح سے کچھ 100 کلومیٹر نیچے (ویسے یہ گہرائی مریناس کھائی سے کچھ دس گنا زیادہ بڑی) ہے۔ اس کے بعد آپ فوری طور پر اس کا جواب دینے کے قابل ہوں گے جو میرے لئے یوروپا سے متعلق سب سے دلچسپ اسرار کو جاننا ہے۔ چٹانی قلب اور سمندر کی آخری حد پر آخر کیا چل رہا ہے؟ اس جواب کا گہرا اثر اس بات پر ہوگا کہ یوروپا بالآخر کس قسم کی دنیا ہے۔
    وہاں پر نیچے کیا چل رہا ہوگا؟ سب سے کم دلچسپ ترین امکان یہ ہے کہ سمندر کی تہ ساکن ہوگی، بے حرکت جگہ: اوپر پانی نیچے چٹان؛ اور درمیان میں پانی میں چٹان کی تھوڑی سی تحلیل ہوئی مقدار، تاہم وہاں کچھ زیادہ نہیں چل رہا ہوگا۔ اس طرح کے جہاں میں سمندر کے اندر کیمیائی توانائی کا کوئی خاص منبع نہیں ہوگا، اور اس بات کا تصور کرنا بھی مشکل ہے کہ یہ کسی بنیادی حیات کی قسم کو سہارا بھی دے سکے۔ اگر آپ اپنی تمام تر کوشش کرکے اس ٹھنڈے تاریک مردہ سمندر کی تہ میں تیر کر جائیں، تو شاید آپ اپنے آپ سے یہ سوال کرنا شروع کر دیں گے کہ آیا یہ جگہ آنے کے قابل بھی تھی یا نہیں؟

    سب سے زیادہ دلچسپ امکان - کم از کم میں جس سب سے زیادہ دلچسپ امکان کے بارے میں سوچ سکتا ہوں - وہ یہ ہے کہ یوروپا سمندر کی ایک چھوٹی سے دنیا کی طرح ہوگی جہاں پر سختائے ہوئی تختیاں، براعظم، گہرائی کھائیاں اور سرگرم پھیلتے ہوئے مراکز بھی ہوں گے۔ زمین پر درمیانی سمندری پہاڑیوں کا تصور کریں جہاں پر کالے دھوئیں کے شعلے غذائیت سے لبریز پانی کو سمندر کی تہ میں کھولا کر اس حیات کی مدد کر رہے ہوں جو ان کیمیائی چیزوں پر انحصار کرتی ہے۔ یوروپا کے سمندر میں اسی قسم کا کیمیائی آمیزے کی اس تصویر کو حاصل کرنے کے لئے زیادہ قیاس کی ضرورت نہیں ہے جو کسی قسم کی حیات کا ارتقاء کر سکتی ہو، اور یوروپا کے قلب میں پیدا ہونے والی توانائی کو چھوڑ رہی ہو۔ اگر آپ یوروپا کی وہیل کو تلاش کر رہے ہیں - جس کے بارے میں میرے کئی دوست اور میں خود از رائے تفنن کہتا ہوں کہ ہم ایسے ہی کر رہے ہوں گے - تو یہی وہ جہاں ہے جس میں آپ ان کو دیکھنا چاہیں گے۔

    افسوس کی بات یہ ہے کہ کوئی بھی شگاف سے نیچے جا کر اور پھر یوروپا کے سمندر کی تہ تک بہت عرصے تک تیر کر نہیں جا سکتا، لہٰذا یہی وجہ ہے جو یوروپا پر اترنے کی جگہ کے تعین کو اہم بناتی ہے۔ اگر وہ کیمیائی اجزاء جو سمندر کے اندر حل ہو گئے ہیں کسی طرح سے سطح پر آ جائیں تو ہم اس بارے میں سطح کے تھوڑے سے نمونے کی جانچ کرکے کافی کچھ جان سکتے ہیں کہ یوروپا کی اندر کی گہرائی میں کیا چل رہا ہے۔

    ٹھیک ہے، چلیں آب اتریں! لیکن کہاں؟ غالباً آپ کو صرف اترنے کا ایک ہی موقع ملے گا، اور ایک مرتبہ جب آپ اتر گئے تو پھر آپ وہاں سے ہل نہیں سکتے، لہٰذا بہتر ہے کہ آپ صحیح جگہ چنیں۔ لگتا ہے کہ کئی برسوں پہلے کے اس اعلان کہ ہبل خلائی دوربین نے پانی کی دھاروں کی پھواروں کو یوروپا کے جنوبی حصّے میں دریافت کرلیا ہے، سے جواب مل گیا ہے: قطب پر اتریں، اور انتظار کریں کہ پھواریں آپ پر برسیں (اور شاید زیادہ آسان یہ ہو کہ ان پھواروں سے گزرتے ہوئے اترے بغیر ہی نمونے جمع کریں!)۔ بری خبر یہ ہے کہ اب ایسا لگتا ہے کہ اگر ہم بہت خوش قسمت رہے تو پھواریں دھوکے باز ہوں گی اور اگر بد قسمتی کا سایہ ہم پر فگن ہوا تو ان کا تو وجود ہی نہیں ہوگا۔ کیونکہ ان کے ابتدائی سراغ کے بعد سے کسی نہیں بھی انھیں دوبارہ نہیں دیکھا۔ وہ (بہت) شاذونادر ہوتی ہیں؟ کیا ابتدائی سراغ بدقسمت دھوکے باز اشارے کا تھا جس کو غلط سمجھ لیا گیا تھا؟ ابھی تک کوئی نہیں جانتا، تاہم آج کوئی بھی سمندر کے کیمیائی اجزاء کی جانچ کے لئے پھواروں پر انحصار نہیں کرے گا۔

    خوش قسمتی سے ہمارا نیا مقالہ بتاتا ہے کہ ہمیں اندرون کے نمونے کے لئے پھواروں کی ضرورت نہیں ہے، اور اس کے باوجود ہم آسانی کے ساتھ اترنے کی جگہ بتا سکتے ہیں جو اتنی بڑی ہے کہ آپ آسانی کے ساتھ اپنی پسندیدہ خلائی گاڑی کو وہاں اتار سکتے ہیں۔

    سب سے پہلے کہ آپ کس طرح سے اترنے کی جگہ کو تلاش کریں گے؟ ہم اصل میں جو کام کر رہے ہیں وہ یوروپا کی پوری برفیلی سطح کی برف کی بناوٹ کی نقشہ سازی کر رہے ہیں۔ اس طرح کی نقشہ سازی اس وقت سے ہو رہی ہے جب سے گلیلیو مہم وہاں گئی ہے، تاہم اب جدید دوربینی آلات اور زمین پر بڑی دوربینوں میں لگے بلند مکانی ریزولوشن مطابقتی بصری نظام کے ساتھ ہم سیاروی پیمانے کے نقشے کو بنانے کے لئے گلیلیو خلائی جہاز سے بہت بہتر کام کر سکتے ہیں۔ گلیلیو کی نقشے سازی کی ابتدائی کوششوں اور ہمارے اپنے اعداد شمار کے ابتدائی تجزیات میں ہم نے زیادہ زور خاص طور پر یوروپا کی سطح کو برف کے جز اور غیر برف کے جز میں توڑنے میں رکھا ہے اور اس کے بعد کوشش کی ہے کہ معلوم کریں کہ غیر برفیلے اجزاء کون سے ہیں۔

    گلیلیو کے پہلے تجزیے کی طرح ہم نے دیکھا کہ غیر برفیلے اجزاء پر گندھک کے تیزاب کا غلبہ ہے جو اس وقت بنتا ہے جب گندھک (جو آئی او پر بالآخر آتش فشانوں سے بنتی ہے!) یوروپا کی سطح پر پانی کی برف پر گرتی ہے۔ ہم نے یہ بھی پایا کہ غیر برفیلے اجزاء میں سے کچھ میگنیشیم سلفیٹ - حقیقت میں جو آبیدہ نمک (رنگ ریز) ہے - جس کے بارے میں ہمارا خیال ہے کہ میگنیشیم کا ماخذ یوروپا کے سمندر کے اندر سے نکل رہا ہے اور پھر وہ آنے والی گندھک سے مل جاتا ہے۔

    پیٹرک فشر نے اپنے نئے تجزیہ میں ان خیالات کو ایک قدم اور آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا۔ وہ صرف اتنا جاننا چاہتے تھے کہ یوروپا کی سطح پر صرف پانی کی برف اور گندھک کے مرکبات کے علاوہ بھی اور کچھ ہے۔ یہ کرنے کے لئے انہوں نے یوروپا کی سطح پر تقریباً 1600 مختلف جگہوں کے طیف لئے اور کسی غیر معمولی چیز کی تلاش شروع کردی۔ جواب تھا شاید۔۔۔۔۔ کچھ ملا ہے۔ اتنے سارے طیف کے ساتھ شروع کرنے سے آپ کی آنکھوں کو کچھ تو ملنا ہی تھا۔ اس کو مزید کٹھن بھرے طریقے کی ضرورت تھی تاکہ طیف کی آپس میں گروہ بندی کی جا سکے، اور بالآخر اس نے بہت ہی واضح بہت ہی تیز نیا ریاضیاتی آلہ بنا لیا جس کی مدد سے آپ اپنی مرضی سے طیف کے مجموعے کو لے کر خود مختارانہ طور پر بغیر انسانی داخل اندازی و تعصب سے ان کو طیف کے مختلف نمبروں میں اپنی مرضی سے درجہ بند کر دیتا ہے، اور وہ نقشہ پیش کرتا ہے جہاں پر یہ مادّے سطح پر موجود ہوتے ہیں۔ 

    جب اس نے اس آلے سے کہا کہ یوروپا کی سطح پر پائے جانے والے دو مختلف طیف ڈھونڈے، تو اس نے برف اور گندھک کے مرکبات کی تقسیم کو نکال کر دے دیا جن کو دہائیوں سے جانا جاتا رہا ہے۔ جب اس سے ایک تیسرے مختلف طیف کے لئے کہا گیا تو یوروپا کی سطح کا ایک بڑا حصّہ اچانک سے نکل کر ایسے مرکبات پر مشتمل نظر آیا جو پہلے سے نقشہ کئے ہوئے برف یا گندھک کے مرکبات کی طرح نہیں تھے۔ کبھی وہ یوروپا کے ارضیاتی نقشے اور کبھی اس نقشے کو دیکھتا کہ جس کو اس نے ابھی ہی بنایا تھا، وہ اس بات کا احساس کرکے چونک اٹھا اس نے تقریباً صحت کے ساتھ سب سے بڑے علاقے کا نقشہ بنا لیا جو یوروپا پر "انتشاری علاقہ" کہلایا۔  (ذیل میں ناسا کی تصویر
    یوروپا کی سطح کی ترکیب کے نقشے سے یہ دیکھا گیا کہ کچھ علاقے ایسے ہیں جہاں پر بڑی تعداد میں اس چیز کا ارتکاز ہے جس کو نمک سمجھا جا رہا ہے۔ یہ نمکیات منظم طریقے سے ایسی حال ہی میں ابھرنے والی جگہ "انتشاری علاقوں" میں واقع ہے جن کو کالی رنگ سے زیر خط کیا گیا ہے۔ اس طرح کے علاقے جن کو مغربی خطے کے نام سے موسوم کیا ہے یہاں پر اس طرح کے مادّوں کی سب سے زیادہ ارتکاز ہے جس کے بارے میں خیال ہے کہ یہ اندرونی سمندر سے آئے ہوں گے اور یوروپا کی سطح پر کھوجی کے اترنے کے لئے سب سے مثالی جگہ ہوگی۔

    یوروپا پر "انتشاری علاقے" ایسے علاقے ہیں جہاں پر برف کی سطح ٹکڑوں میں ٹوٹ کر ادھر ادھر ہوئی اور واپس ایک دوسرے سے جڑ گئی۔ کالٹک کے سند یافتہ طالبعلم پیٹرک فسچر اور ان کے رفقائے کاروں کے مشاہدے سے معلوم ہوتا ہے کہ ان علاقوں کی ترکیب باقی کی سطح سے الگ ہے جس سے یوروپا کے قرش کے نیچے وسیع سمندر کی بناوٹ ظاہر ہوتی ہے۔

    انتشاری علاقوں کو پہلے گلیلیو مہم کے دوران بھی بطور علاقوں کے دیکھا گیا تھا جو یوروپا کی سطح کو ایسا دکھا رہے تھے جیسے کہ وہ ٹوٹ کر الجھ کر - حیرت انگیز طور پر - شاید ماضی قریب میں پگھلی بھی ہے۔ اگر آپ کو یوروپا کے اترنے کی ایسی جگہ پر رائے شماری میں حصّہ ڈالنا ہو جہاں سمندری پانی نے حال میں میں پگھل کر اپنے کیمیائی عناصر کو سطح پر ڈالا ہو تو آپ انتشاری علاقہ کو ہی ووٹ دیں گے. اور اب پیٹرک نے پایا کہ بڑے علاقائی پیمانے پر انتشاری علاقے کی ترکیب اس سے مختلف ہے جو یوروپا کی باقی سطح پر ہے!

    اور ہمیں طیف اس انتشاری علاقے کی منفرد ہئیت کے بارے میں کیا بتاتا ہے؟ افسوس کہ ہم ابھی نہیں بتا سکتے۔ ابھی تک ہم نے اس علاقے کے طیف میں وہ منفرد ہئیتی اشارے نہیں پائے اگرچہ ہماری تحقیق جاری ہے۔ ہمارا سب سے بہتر امکان وہ ہے کہ ہم ان باقی بچے ہوئے نمکیات کو دیکھیں جو سطح پر بہنے والے بڑی مقدار کے پانی کے بعد میں بخارات بننے کے بعد بچے ہوں گے۔ بہترین تشبیہ دنیا کے ریگستانی علاقوں میں بہت بچا ہوا نمک ہوگا۔ اس طرح کے ریگستانی نمک کی طرح نمک کی کیمیائی ترکیب ان تمام مادوں کا بتا دیتی ہے جو پانی کے بخارات کے بننے سے پہلے اس میں تحلیل ہوئے تھے۔ زمین پر، ریگستانی نمک میں کئی اجنبی نمکیات شامل ہوتے ہیں جس کا انحصار ارد گرد کی چٹانوں کی کیمیا پر ہوتا ہے۔ یوروپا پر نمک چٹانی کیمیا کے بارے میں بھی بتائے گا اگرچہ کہ چٹان وہ مادّہ ہے جو سمندر کی تہ سے کہیں زیادہ نیچے ہوگی۔

    تب ہم نے سوچا کہ ہم نے یوروپا کی سطح پر ایک دیوہیکل نمک کا پیوند دیکھ لیا تھا، اور یہ علاقہ اس طرح کا تھا جیسا کہ حال ہی میں دوبارہ ابھرا اور اس نے کیمیا کو نہیں چھیڑا۔ میں نے کافی کوشش کی کہ پیٹرک سے اس نمکین پیوند کو سکنجبیستان کہلوا دوں، لیکن وہ نہیں سمجھتا کہ سند یافتہ طالبعلم کو اس طرح کی اجازت ہوتی ہے کہ وہ اس طرح کا مذاق کر سکے۔ اگرچہ یہ کام میں اس کے لئے کر سکتا تھا۔ اور میں آپ کو بتاؤں گا: وہاں اترنے کی کوشش کریں! سنکجیبستان میں نا صرف نمک ہوگا جو آپ کو چٹان اور سمندر کے تعاملات کے بارے میں بتائے گا بلکہ اس میں دوسری ان تمام چیزوں کے نمونے بھی موجود ہوں گے جو سمندر نے پیش کرنی ہیں۔ کیا وہاں سمندر میں نامیاتی کیمیائی سرگرمی جاری ہے؟ سکنجیبستان میں دیکھیں۔ کاربونیٹ؟ سنکجیبستان۔ جرثومے؟ قطعی سنکجیبستان۔ ان تمام چیزوں کی بہتر تلاش اس قسم کے آلات سے کی جا سکتی ہے جو فی الوقت مریخ کے گرد چکر لگا رہے ہیں، جہاں سے آپ ان کا نمونہ لے کر ایک مشین میں ڈالیں اور ان کی کیمیائی بناوٹ کو پڑھ لیں۔ تاہم کیمرے کو لے جانا نہ بھولئے گا تاکہ یہ دیکھ سکیں کہ وہاں کی زیر سطح میں اور کیا چیزیں موجود ہیں۔ بے ترتیب اور اجنبی برفیلی زیر سطح قریب سے لازمی طور پر ایک شاندار دیکھنے لائق جگہ ہوگی۔ اگر آپ خوش قسمت ہوئے تو آپ فاصلے سے آسمان میں پھوار کو جاتے ہوئے دیکھ سکیں گے۔ اور ہو سکتا ہے کہ شاید آپ وہاں پر کچھ وہیل کی ہڈیوں کو بھی پڑا ہوا دیکھ لیں۔

     mikebrownsplanets.com ڈیلی گلیکسی بذریعہ

    صفحے کے سب سے اوپر کی تصویر، انٹارکٹک پیننسولا کے گوڈئر جزیرے کے پورٹ لاکروئے میں پڑی ہوئی وہیل کی ہڈیاں ہیں۔ 

    کے شکریہ کے ساتھ rickredaphotos.com 







    • بلاگر میں تبصرے
    • فیس بک پر تبصرے

    0 comments:

    Item Reviewed: یوروپا (مشتری کا چاند) - چھوٹی دنیا کا سمندر Rating: 5 Reviewed By: Zuhair Abbas
    Scroll to Top